وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے، عدالت نے ہماری آئندہ کے لیے بھی رہنمائی کی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں قانونی ٹیم نے ترجمانوں کو عدالتی فیصلے اور کارروائی پر بریفنگ دی اور عدلیہ کے کردار کی تعریف کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ وفاق، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی فتح ہے، عدالت نے ہماری آئندہ کے لیے بھی رہنمائی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے مافیا کو مایوسی اور ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی، اپنا پیسا بچانے والے اِس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہوگی۔
انہوں نے ترجمانوں کو اداروں میں ہم آہنگی کا موقف اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جس مافیا نے 15 ماہ زور لگایا وہ ناکام ہوگا، ملکی معیشت کو چلنے کے قابل بنادیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے دوران بڑی تبدیلیوں کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ کل (ہفتہ)کو لاہورجارہا ہوں، بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوں گی۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوابازی ڈویژن سے متعلق معاملات پر اجلاس ہوا،جس میں ہوا بازی ڈویژن سے متعلق معاملات، پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز میں حالیہ اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے میں جاری اصلاحات کے عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی ایئرلائن کی بحالی اور اسے منافع بخش ادارہ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

