اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز ) میں زیر علاج سابق صدر آصف علی زرداری کا جمعرات کو میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا۔ میڈیکل بورڈ نے ماہر امراض قلب کی تجویز پر سابق صدر کی دل کی ادویات میں ردوبدل پر غور کیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سابق صدر کی کمر اور گردن میں درد ،شوگر اور بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ برقرار ہے جس پر میڈیکل بورڈ نے انسولین کی مقدار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق سابق صدر کی دل کی دھڑکن معمول کے مطابق ہوگئی ہے ، ان کے سر کے چکرانے میں بھی بتدریج بہتری آئی ہے۔ ڈاکٹرز نے سابق صدر کو کمرے میں چہل قدمی کرنے کی ہدایت کی۔ہسپتال ذرائع کے مطابق سابق صدر کی فزیو تھراپی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

