الیکٹرک انسپکٹر کراچی اور کے الیکٹرک کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے ادارے کی مدد سے چھوٹو گرائونڈ اور عثمانیہ مسجد کے قریب کارروائی کی گئی
شہر کے مختلف علاقوں میں جنریٹر مافیا سرگرم ہے، غیر قانونی اور خطرناک طریقے سے شہریوں کو بجلی فراہم کی جارہی ہے، ابتدائی رپورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) لائنزایریا میں جنریٹر مافیا کے خلاف الیکٹرک انسپکٹر کراچی اور کے الیکٹرک کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے کارروائی کی گئی۔ الیکٹرک انسپکٹر کراچی کی نگرانی میں چھوٹو گرائونڈ اور عثمانیہ مسجد کے قریب 100 سے زائد غیر قانونی کنکشنز موقع پر ہی منقطع کردیے گئے۔ لائنزایریا کے ملحقہ علاقوں میں 45KVA اور 90KVA کے غیر قانونی جنریٹروں سے 100 سے زائد گھروں کے علاوہ دکانوں کو بھی بجلی فراہم کی جارہی تھی، کارروائی کے دوران الیکٹرک انسپکٹر کراچی کے نمائندوں کی جانب سے جنریٹر مالکان کو تنبیہ کرتے ہوئے ابتدائی پورٹ بھی قلمبند کی گئی جبکہ آئندہ دنوں میں مزید کارروائیاں متوقع ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر غیر قانونی جنریٹر مافیا کی طرف سے شہریوں کو خطرناک طریقے سے اور غیر قانونی طور پر بجلی فراہم کی جارہی ہے پچھلے دنوں بجلی کمپنی کی طرف سے اس حوالے سے الیکٹرک انسپکٹر کراچی سمیت متعلقہ اداروں کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔ جنریٹر مافیا کا غیر قانونی طور پر بجلی کی فراہمی اور اس حوالے سے کے الیکٹرک کے انفرااسٹرکچر کا استعمال خطرناک حادثات کا سبب بنتا ہے۔ خط میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ کے الیکٹرک کے علاوہ لائسنس ایریا میں بجلی کی فراہمی نیپرا ایکٹ 1997 سیکشن 21 کی خلاف ورزی ہے اور اس حوالے سے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔

