اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان نے پارلیمانی سیاست میں بھرپور انداز میں متحرک ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت پارلیمان میں سادہ اکثریت کے باوجود آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2019ء کا مسودہ مشاورت سے تیار کرنے کی خواہاں ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ایوان کا ماحول بہتر بنانے کے لیے حکومت کے اپوزیشن سے رابطوں کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہوگا۔ حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 4 دسمبر شام 4 بجے بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزارت پارلیمانی امور نے سمری وزیراعظم آفس بھجوادی ،وزیراعظم نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بڑے قومی ایشوز اٹھائیں، حکومت قومی اسمبلی اجلاس میں قانون سازی کے لیے متعدد بلز پیش کرے گی، اعتراضات دور کرنے کے بعد کئی بلز بھی منظوری کے لیے پیش ہوںگے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیاں کئی بل پہلے ہی منظور کرچکی ہیں، اپوزیشن مہنگائی اور گراں فروشوں کیخلاف اقدامات سمیت دیگر عوامی مسائل اٹھائے گی۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی طرف سے پارلیمانی رہنمائوں کا اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان ہے۔
