
جبوتی سٹی ؍ نیروبی (انٹرنیشنل ڈیسک) مشرقی افریقا میں ایک دن میں 2 سال کے برابر بارش نے ہر طرف تباہی مچا دی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق شدید اور مسلسل بارش میں ہونے والے مختلف واقعات کے دوران صرف کینیا میں 120 افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔ اقوام متحدہ اور قدرتی آفات کی پیش گوئی کرنے والے ادارے فیمائن ارلی وارننگ سسٹم نیٹ ورک کے مطابق افریقی ملک جبوتی میں صرف ایک روز میں 2 سال کے برابر بارش ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق افریقی ممالک جن میں کینیا بھی شامل ہے ، اکتوبر سے نومبر کے وسط تک اوسط درجے سے 300 فیصد زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ اقوام متحدہ اور جبوتی حکام کی مشترکہ رپورٹ کے مطابق حالیہ مسلسل بارش سے امریکی اور چینی فوجی اڈے رکھنے والے ملک میں 10 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ مزید بارش کی پیش گوئی کے باعث اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے ۔ کینین حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث کینیا میں سیلاب اور تودے گرنے کے باعث 120 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، 60 سے زائد افراد مغربی پوکوٹ کاؤنٹی میں ہلاک ہوئے۔ حکام کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور انفرا اسٹرکچر کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے امدادی کارروائیاں مزید مشکل ہو گئی ہیں۔ پوکوٹی کاؤنٹی میں ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ حالیہ بارس کے بعد نمونیا اور ڈائریا سمیت دیگر بیماریاں بڑے پیمانے پر بڑھنا شروع ہو گئی ہیں۔
