English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت سے ایک نوٹیفکیشن نہیں بن سکتا،قانون سازی پر اتفاق کیسے کرائے گی‘ بلاول

القمر

مظفرآباد(خبر ایجنسیاں) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ جن سے ایک نوٹیفکیشن نہیں بن سکا، وہ ایوان میں آرمی چیف کی توسیع کے حوالے سے6 ماہ میں کیسے اتفاق رائے پیدا کریں گے۔آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب میں بلاول زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو خبردار کیا کہ عمران خان، سن لیں، آصف علی زرداری نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بنیاد رکھی اور ہم اس منصوبے پر یوٹرن نہیں لینے دیں گے، سی پیک کا تحفظ کرنا جانتے ہیں،کسی صورت متنازع نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جب سے حکومت آئی ہے کوئی شعبہ ایسا نہیں جو زوال پذیر نہ ہوا ہو، حکومت سے جان چھڑانا ہوگی اور سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا ہوگا، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ کے بارے میں ہمیں پتا تھا، یہ نالائق ہے، اس وقت معیشت ناکام، خارجہ پالیسی ناکام اور سیاست ناکام ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ نالائقی کی انتہا ہے کہ پوری حکومت مل کر 3 مہینے میں ایک نوٹیفکیشن درست طریقے سے نہیں بنا سکی، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کامعاملہ اب پارلیمان میں آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جن سے ایک نوٹیفکیشن نہیں بن سکا، وہ معاملے پر ایوان میں 6 ماہ میں کیسے اتفاق رائے پیدا کریں گے؟ جو ایک سال میں ایک قانون بھی پاس نہ کرسکے، وہ کیسے قانون سازی کریں گے؟ ان کا کہنا ہے کہ آج سیاست کا محور بدل گیا ہے، آج سیاست میں نظریات نہیں بلکہ سستی شہرت کے لیے مخالفین پر کیچڑ اچھالا جاتاہے، کسی جامع پالیسی کے بغیر عوام کو سبز باغ دکھائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوںکے ساتھ ہیں ،کشمیریوں کاواحد مطالبہ رائے شماری ہے،ہمارا نعرہ رائے شماری جس سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔کشمیریوں کے مسائل ہم حل کریں گے،پیپلزپارٹی کی حکومت جلد آئے گی اور کشمیر یوں کو آزادی دلوائے گی۔نریندر مودی پاکستان دنیا اور خود بھارت کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے ،ہمارا سلیکٹڈ مودی کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگتا رہا اور جب وہ منتخب ہوا تو ہمارا حکمران اس کو مس کالز کرتا رہا ۔آج کہتا ہے مودی فسطائی ،آر ایس ایس نظریے والا اور ہٹلر کا کارندہ ہے کیا مودی اس وقت ہٹلر کا رندہ نہیں تھا جب تم کہہ رہے تھے کہ مودی ہی مسئلہ کشمیر حل کرائے گا۔جلسہ سے سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی،راجا پرویز اشرف،سابق چیئرمین سینیٹسید نیئر بخاری،قمرالزمان کائرہ،سینیٹر شیری رحمن،سابق وزیر داخلہ رحمن ملک، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ، ترجمان آصف زرداری ،فرحت اللہ بابر، ترجمان بلاول مصطفی نواز کھوکھر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدرخان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے۔ بلاول نے کہا کہ راجا محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے دنیا کے ہرفورم پر کشمیری عوام کی بھرپور انداز میں ترجمانی کی جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ خصوصاً اسلام آباد میں منعقدہ پارلیمنٹرین کانفرنس میں تقریر کشمیری عوام کی امنگوں کی آئینہ دار تھی ۔ اس موقع پر سندھ حکومت اور آزاد کشمیر حکومت کے مابین تعلقات کار اور تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے