گوجرانوالہ( آن لائن )پنجاب کی ایک تحصیل نوشہرہ درکلاں میں باپ بیٹے سمیت 4 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ درکلاں میں ملزمان نے کار پر فائرنگ کر کے باپ بیٹے سمیت4 افراد کو قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں اعظم، بیٹا توقیر اور2 گن مین شامل ہیں، جنہیں پیشی پر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا، فائرنگ کرنے والے موٹر سائیکل پر سوار تھے۔مقتولین کی اپنے رشتے دار اقبال اور دیگر کے ساتھ مقدمے بازی کے معاملے پر دشمنی چل رہی تھی، مقتول اعظم کچھ روز قبل ہی قتل کے مقدمے سے ضمانت پر رہا ہوا تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوشہرہ ورکاں میں4 افراد کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔انہوں نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتار ی کا حکم بھی جاری کیا۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔یاد رہے کہ چند دن قبل گوجرانوالہ میں 8سالہ معصوم بچی مریم کو مبینہ زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا تھا، پولیس نے شک کی بنیاد پر ہمسائے عبد الغنی کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے قتل کا اعتراف کیا اور اس کی نشان دہی پر کھیتوں سے 3 دن پرانی لاش برآمد کی۔
