کابل ( مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں طالبان کے ایک حملے میں 12افغان فوجی ہلاک ہو گئے ۔ حکام کے مطابق اس حملے کے بعد طالبان نے6 فوجیوں کو یرغمال بھی بنالیا۔ افغان فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں 20حملہ آور بھی مارے گئے ہیں تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔علاوہ ازیں عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے خوست کے ضلع علی شیر میں امریکی فوج نے ایک گھر پر ڈرون حملہ کرکے تباہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں ایک خاتون اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب امریکی فوج کے ترجمان نے اپنے دعویٰ کیا کہ گھر میں3طالبان کمانڈر چھپے ہوئے تھے۔صوبائی خوست کونسل کے ارکان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ حملہ ایک شہری کے گھر میں کیا گیا، ہلاک ہونے والوں میں معصوم بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ اہل خانہ کے عسکریت پسند ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ادھر سابق صدر حامد کرزئی نے حملے میں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ڈرون حملہ سنگدلانہ عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ افغان عوام پر صاف اور صریح تشدد کا واقعہ ہے، تمام فریقین امن کے لیے کام کریں۔
طالبان کا حملہ
