قاہرہ:اسلامی تحریک مزاحمت حماس اور فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے وفود اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کو مستحکم کرنے کیلئے مصر پہنچ گئے۔
اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی قیادت اسمائیل ہانئیہ جبکہ اسلامی جہاد کے وفد کی قیادت زیاد النخالہ کررہے ہیں۔
مقامی فلسطینی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسلامی جہاد کا وفد قاہرہ پہنچ چکا ہے جبکہ اسماعیل ہانئیہ کی قیادت میں حماس کا وفد بھی قاہرہ پہنچ رہا ہے۔ دونوں وفود مصری حکومت سے فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کو مستحکم کرنے پر بات چیت کریں گے ۔
واضح رہے کہ فلسطینی تنظیموں کی طرف سے یہ وفود ایک ایسے وقت میں قاہرہ پہنچے ہیں جب دو ہفتے قبل اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر 3 دن تک مسلسل جارحیت مسلط کی تھی تاہم مصر کی مداخلت سے اسرائیل اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔
یاد رہے غزہ میں کشیدگی اس وقت شروع ہوئی جب اسرائیلی فوج نے ایک فضائی حملے میں اسلامی جہاد کے ایک مقامی کمانڈر بہاء ابو العطاء کوبمباری کرکے ان کی اہلیہ سمیت شہید کردیا تھا۔ اسی روز اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں ایک فضائی حملے کے دوران اسلامی جہاد کے دوسرے رہنما اکرم العجوری کو بھی شہید کردیا تھا۔جس کے بعد غزہ کی پٹی پر جاری رہنے والے اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملوں میں 36سے زائد فلسطینی شہید اور 150 مظاہرین زخمی ہوگئے تھے۔

