حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ہوسڑی کے گوٹھ قاسم پنہور کی رہائشی خواتین نے پولیس کی زیادتیوں کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مسمات سمبل اور خان محمد پنہور سمیت دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ ہوسڑی پولیس نے گزشتہ 15 روز سے مضر صحت مین پوری کی فروخت کیخلاف کارروائیوں کی آڑ میں غریب دیہاتیوں کیخلاف ایک محاذ کھول رکھا ہے اور مضر صحت مین پوری کی آڑ میں بے گناہ لوگوں کیخلاف کارروائیاں کرکے بھتا وصول کررہی ہے اور نہ دینے والوں کیخلاف جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدر آباد سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر غریب دیہاتیوں کو ہوسڑی پولیس کے مظالم اور زیادتیوں سے نجات دلا کر تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔
