پشاور(اے پی پی)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن دوسرے کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلاتے ہیں۔ مولانا بتائیں انہوں نے اپوزیشن کی کرپشن بچانے کے لیے ان سے کیا ڈیل کی ہے؟ لیگل فارن فنڈنگ کی آڑ میں پی ٹی آئی کو ہدف
بنایاجا رہا ہے۔ معذور افراد کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور سہولیات دینے کے لیے اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پر150ملین روپے خرچ ہونگے معذور افراد کا کوٹا 2سے4 فیصد کرنے کے لیے ایکٹ لا ڈپارٹمنٹ پہنچ چکا ہے ، سینئر سٹیزن ایکٹ کے رولز بن رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس پشاور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کیا کہ وزیراعظم عمران خان کے سخت فیصلوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا ،اب عوام کو ریلیف بھی ملے گا، ہمارا ملک غریب نہیں ہے تیل، گیس اور پانی سمیت کثیر وسائل ہمارے ملک میں موجود ہیں، خیبرپختونخوا میں 32 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ،حکومت فضل الرحمان کے دھرنے کے دباؤ میں نہیں آئے گی ،عوام نے انہیں مسترد کردیا۔ صوبائی وزیر نے تقریب میں معذور افراد کے لگائے ہوئے مختلف اسٹالز کا بھی دورہ کیا اور معذور افراد کی بنائی ہوئی مختلف اشیا میں گہری دلچسپی لی۔
شوکت یوسفزئی
