
اسلام آباد،جہلم،لاہور(اے پی پی+آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔ معیارات اور پالیسی کے حوالے سے مسائل اور چیلنجز سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ معیارات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، معیارات کے حصول اور کامیابی کے لیے مستقل مزاجی اور جذبے سے کام کرنا ہوگا، حکومت نے بیوروکریسی کے بہتر معیار کے جائزے کے لیے ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔ دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے گورنر ہائوس میں ون آن ون ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہبدھ کو ایک ٹوئٹ میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیمرا کو ہدایت کی کہ جنسی زیادتی کے شکار بچوںکے انٹرویوز دکھانے جیسے پروگراموں کے حوالے سے متعلقہ قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایک ٹی وی چینل کے اینکر نے لوگوں کے سامنے جنسی زیادتی کے شکار بچوں کے انٹرویو کیے اور انہیں ٹیلی کاسٹ کیا گیا اور اس چیز کا بھی خیال نہیں رکھا گیا کہ اس کے نفسیاتی اور سماجی اثرات کیا ہوں گے اور ان پھول جیسے بچوں کا مضحکہ اڑایا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس معاملے سے انہوں نے چیئرمین پیمرا کو بھی آگاہ کیا لیکن اس کے باوجود یہ پروگرام دوبارہ ٹیلی کاسٹ ہوگیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے حوالے سے قوانین ہوں گے لیکن ان پر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں اس طرح نہیں ہوتا، یہ انتہائی افسوسناک ہے۔علاوہ ازیںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جہلم کے قریب پاک فوج کی فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ملک کے سب سے بڑے نشانہ بازی کے مقابلوں ’’39 ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ‘‘ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا استقبال پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیا۔آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن میٹ کے4 ہفتے کے دورانیے پر مشتمل مقابلوں کے دوران 25 ایونٹس منعقد ہوئے جن میں مسلح افواج کی تینوں فورسز، ٹیم ایکس پنجاب، کے پی کے، اسلام آباد پولیس، ائرپورٹ سیکورٹی فورس، لاہور گریژن شوٹنگ گیلری اور فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن کے 953 نشانہ بازوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔مقابلوں میں پاکستان آرمی نے انٹر سروسز فائرنگ کے مقابلوں میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کیے۔ صدر مملکت نے نشانہ بازی کے مقابلوں کی مختلف کیٹیگریوں میں فاتح اور دوسرے نمبر پر آنے والے نشانہ بازوں میں ٹرافی اور میڈلز تقسیم کیے۔ منگلا کور کے سپاہی محمد ندیم نے ’’دی ماسٹر ایٹ آرم ٹرافی‘‘ کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ پاک فوج کی ٹیم کے لیفٹیننٹ کرنل (ر) ادریس رشید نے ’’دی پریذیڈنٹس کپ نیشنل چیلنج میچ ٹرافی‘‘ حاصل کی۔ مقابلوں میں پاک بحریہ دی پرائم منسٹر ’’سکل ایٹ آرمز‘‘ بگ بور نیشنل چیلنج میچ کی فاتح ٹھہری جبکہ پاک فوج نے چیف آف آرمی اسٹاف رائفل اینڈ پسٹل میچ جیتا۔ پاکستان آرمی نے چیف آف نیول اسٹاف رائفل میچ اور چیف آف ائر اسٹاف پسٹل میچ دونوں اپنے نام کیے۔ سپاہی کلرک ثاقب علی خان کو دی بیسٹ شوٹ میچ ٹرافی گروپ II جیتنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
