English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نوازشریف اور مریم کیخلاف ایک اور نیب ریفرنس کی تیاری

القمر

لاہور،اسلام آباد(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف چودھری شوگر مل کیس میں ریفرنس دائر کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔چودھری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں نواز شریف اور مریم نواز کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور یوسف عباس کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی تیاری شروع کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب کے تفتیشی افسر نے ریفرنس کی تیاری کے حوالے سے چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بھی آگاہ کردیا ہے اور چودھری شوگر ملز کا ابتدائی ریفرنس رواں ماہ دائر کیے جانے کا امکان ہے۔نیب ذرائع کے مطابق چودھری شوگر مل کیس میں نواز شریف سے 2 مرتبہ سوالات کا سیشن ہوا تاہم سابق وزیراعظم دونوں مرتبہ نیب کے سوالات کا تسلی بخش جوابات نہیں دے سکے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو ریفرنس آنے تک حاضری سے استثنا دے رکھا ہے جب کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی بھی 4 ہفتوں کے لیے حاظری معافی کی درخواست منظور ہو چکی ہے، ریفرنس آنے کے بعد ملزمان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے جائیں گے۔علاوہ ازیںقومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب قومی انسداد بدعنوانی کی مؤثر حکمت عملی کے ذریعے میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے اور بدعنوانی کے خاتمہ اور احتساب سب کیلیے پالیسی پر عملدرآمد کو پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹرز میں نیب آپریشن اینڈ پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب وائٹ کالر کرائمز کو ’’احتساب سب کیلیے‘‘ کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو گذشتہ 25 ماہ کے دوران 54 ہزار 344 شکایات موصول ہوئی ہیں، نیب نے گذشتہ 25 ماہ کے دوران متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 600 ریفرنس دائر کئے ہیں۔ نیب نے 73 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں جو شاندار کامیابی ہے۔ نیب واحد ادارہ ہے جس نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 340 ارب روپے بدعنوان عناصر سے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ نیب نے متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1270 ریفرنس دائر کیے ہیں جن کی مالیت تقریباً 910 ارب روپے بنتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرانے کیلیے بدعنوان عناصر، اشتہاری مجرموں اور عدالتی مفروروں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، اس سے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرکے ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے مقدمات جلد نمٹانے کیلیے اقدامات کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے