کراچی (اسٹاف رپورٹر)یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان اہم میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ۔ میچ کے آخری روز خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے 206 رنز جبکہ ناردرن کو 8وکٹیں درکار ہیں۔ 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختوانخوا نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2وکٹوں کے نقصان پر 39رنزبنالیے ۔اشفاق احمد اور اسرار اللہ میچ کیآخری روز خیبرپختونخوا کی جانب سے کھیل کادوبارہ آغاز کریں گے۔ اس سے قبل 105 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بناکر اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔ اوپنر ذیشان ملک نے ایونٹ کی چھٹی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 52رنز کی اننگز کھیلی۔ پہلی اننگز میں 4شکار کرنے والے خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجدخان نے دوسری اننگز میں 2وکٹیں حاصل کیں۔ خیبرپختونخوا نے 6وکٹوں کے نقصان پر 156رنز سے میچ کے تیسرے روزکا آغاز کیا تو پوری ٹیم 306 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریحان آفریدی نے 95 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر خیبرپختونخوا کو پہلی اننگز میں مشکلات کے بھنور سے نکالا۔اس دوران مہران ابراہیم نے 54 رنز بناکر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ ناردرن کے وقاص احمد نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔ سنٹرل پنجاب کو دوسری اننگز میں 206 رنز کی سبقت حاصل ہے جبکہ اس کی 10وکٹیں باقی ہیں۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 597 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم 392 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ذیشان اشرف 141 اور سلمان علی آغا 140 رنز بناکر سدرن پنجاب کی جانب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔ ذیشان اشرف کی اننگز میں 15چوکے اور 3چھکے شامل تھے جبکہ 166 گیندوں پر مشتمل سلمان علی آغا کی اننگز میں 18 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔سنٹرل پنجاب کے اسپنر بلال آصف نے 5وکٹیں حاصل کیں۔ سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے ایک رن بنالیا۔ کامران اکمل اور سلمان بٹ میچ کے آخری روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ادہر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ میں بلوچستان کے 471 رنز کے جواب میں سندھ نے 5وکٹوں کے نقصان پر 356 رنز بنالیے ۔ سندھ کی جانب سے ایک وکٹ کے نقصان پر 71 رنز سے میچ کے تیسرے روز پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والے نوجوان بلے باز سعود شکیل اور تجربہ کاراوپنر خرم منظور نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کرتیہوئے سنچریاں اسکور کیں۔ سعود شکیل 151 اور خرم منظور 109 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 213 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم سعد علی اور سرفراز احمد کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد فواد عالم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کھیل کے اختتام پر 69 رنز بنالیے جبکہ حسن محسن 7 رنزکے انفرادی اسکور پر نا ٹ آؤٹ ہیں۔ دونوں کھلاڑی میچ کے آخری روز سندھ کی جانب سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔
