اعلیٰ افسران کے دورے سے قبل دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو سامان فٹ پاتھ پر نہ رکھنے کی ہدایت
مبینہ طور پر بھاری نذرانے وصول کرنیوالے تھانیداروں نے اعلیٰ افسران کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی تیاری کرلی
کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی اور گزشتہ کئی روز سے تجاوزات کے خلاف پولیس کا ایکشن بھی دیکھنے میں آیا اور بعدازاں اندرون خانہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کے عوض مبینہ طور پر نذرانے بھی وصول کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانوں کی سطح پر تجاوزات کے خاتمے کا جائزہ لینے کے لیے آج ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اعلیٰ افسران کی جانب سے مختلف علاقوں میں دورہ کیے جانے کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کی جانب سے دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ آج اپنا سامان دکانوں سے باہر نہ لگائیں تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ پولیس نے فٹ پاتھوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا ہے۔

