سمن آباد میں ڈاکوئوں کی جانب سے لوٹ مار پر دو نوجوانوں نے بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا
فوٹیج میں ایک نوجوان کو گاڑی الٹی چلتے اور دوسرے کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے
کراچی (کرائم رپورٹر )سمن آباد میں گزشتہ روز شہری اور ڈاکووں میں ہونے والے مقابلے کی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، 2 نوجوان شہریوں کی بہادری نے پولیس کو بھی حیران کردیا، واقع میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تھانہ سمن آباد کی حدود میں شہری اور ڈاکووں میں فلمی انداز میں مقابلہ ہوا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، فوٹیج میں شہری کو ریسورس گئیر میں گاڑی چلاتے دیکھا جاسکتا ہے،ایک نوجوان گاڑی الٹی چلا رہا ہے دوسرا دروازے پر بیٹھا ڈاکوو ں پر فائرنگ کر رہا ہے، ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائونے بتایاہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک، ایک زخمی اور ایک فرار ہو گیا تھا، دونوں افراد نے انتہائی بہادری سے ڈاکووں کا مقابلہ کیا، شہری تیمور کے مطابق ملزمان ان کو لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے، جب ڈاکوو ں نے فائرنگ کی تو انہوں نے یہ حکمت عملی اختیار کی، عارف اسلم رائو نے مزید بتایاہے کہ ایک ڈاکو شہزاد موقع پر مارا گیا، ایک اسپتال میں زخمی حالت میں پولیس کی تحویل میں زیر علاج ہے، فرار ہونے والے ڈاکو کو پولیس تلاش کر رہی ہے، ڈاکووں پر سنگین جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں۔

