حتمی نوٹسز کا بھی قابضین سمیت نادہندگان نے کوئی جواب نہیں دیا ،عملہ نادہندگان کے مفاد کے مطابق کام کررہا ہے ،ذرائع
کوشش ہے اس بار حتمی آپریشن ہو ،نادہندگان وقابضین کا سامان نکال کر باہر پھینک دیاجائے ،ڈائریکٹرمحکمہ پبلک ہائوسنگ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )ادارہ ترقیات کراچی سرجانی ٹائون وشاہ لطیف ٹائون میں واقع اپنے 100سے زائد فلیٹس قابضین سے خالی کرانے میں ناکام ہوگیا، ادارے کی جانب سے بھیجے گئے حتمی نوٹسز کا بھی قابضین سمیت نادہندگان نے کوئی جواب نہیں دیا ،دوسری جانب محکمے کی جانب سے محکمہ انسدادتجاوزات کو قابضین سے فلیٹس خالی کرانے کے لیے بھیجی گئی درخواست پر بھی تاحال کوئی عملدرآمد نہیں ہوا۔باخبرذرائع کے مطابق سرجانی اورشاہ لطیف ٹائون ملیر میں کے ڈی اے کی اسکیموں میں جن الاٹیز نے فلیٹس حاصل کئے تھے انہوں نے مکمل واجبات اداکئے بغیر خالی فلیٹس پر قبضہ کرکے خود سکونت اختیار کرلی یا انہیں کرایہ پر دیدیا ،ادارے کی جانب سے گیس بجلی کے کنکشن منقطع کرائے جانے کے باوجود قابضین نے دو نمبر طریقے سے کنکشن حاصل کرلیے۔ ذرائع کے مطابق کے ڈی اے کے جن فلیٹس پر قبضہ ہے ان کی مارکیٹ ویلیو ایک محتاط اندازے کے مطابق پچا س کروڑ روپے کے قریب ہے جبکہ نادہندگان سے کم وبیش 10کروڑروپے سے زائد کے واجبات وصول کئے جانے ہیں۔ کے ڈی اے کے الاٹیز جنہوں نے واجبات اداکئے بغیرہی فلیٹس پر قبضہ کرلیا اورکے ڈی اے کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹسز کابھی جواب نہیں دے رہے وہ واجبات سے زیادہ کرایہ وصول کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرجانی اورشاہ لطیف ٹائون میں تعینات ادارہ ترقیات کراچی کا عملہ بھی قابضین اورنادہندگان کے مفادات کے مطابق کام کرتاہے جب بھی ادارے کی جانب سے کسی کارروائی کافیصلہ کیاجاتاہے عملہ پہلے سے قابضین کوآگاہ کردیتاہے۔میڈیا ذرائع نے ادارہ ترقیات کراچی کے محکمہ پبلک ہائوسنگ کے ڈائریکٹر ندیم صدیقی سے رابطہ کیاتوانہوں نے کہاکہ نوٹس بھیجے ہوئے کئی روز ہوگئے مگر ابھی تک کسی بھی نادہندہ اورقابض شخص نے رابطہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اس بار حتمی آپریشن ہو اورنادہندگان وقابضین کا سامان نکال کر باہر پھینک دیاجائے یا ضبط کرلیا جائے ،ڈی جی کے ڈی اے بھی اس سلسلے میں سنجیدہ ہیں۔

