کے فور منصوبے کے فیز ون کو ہرصورت مکمل کیا جائیگا،واٹربورڈ جس طرح کام کررہا ہے ویسے ہی کام کرتا رہیگا
دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کامعائنہ پانی بہت مگر نظام درست نہیں،ڈسٹری بیوشن سسٹم پرائیوٹائز ہونا ضروری ہے، کاٹی میں خطاب
کراچی(بزنس رپورٹر) کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہا ہے کہ شہر میں فراہمی ونکاسی آب، ٹرانسپورٹ اور سالڈ ویسٹ کے شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، واٹر بورڈ کی نجکاری ہوجانی چاہیے، تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کے واضح احکامات پر عمل کیا جارہا ہے، ای بی ایم کازوے کے اطراف ریور بیڈ کی سطح کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی)کے ظہرانے سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، عبدالحسیب خان،محمد اکرام راجپوت ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں پانی بہت ہے لیکن نظام درست نہیں،پانی ڈسٹری بیوشن کا نظام پرائیوٹائز ہونا ضروری ہے ،کے الیکٹرک کی نجکاری کے بعد ادارہ بہتر ہوا،کیبل آپریٹرز کو 4 ماہ کا وقت دیا ہے جس میں تمام کیبلز انڈر گراؤنڈ کی جائیں گی۔ سرکاری اداروں پر کسی برانڈ کے اشتہار نہیں ہونے چاہئیں،کے ایم سی اور ڈی ایم سی والے مجھ سے ناراض ہیں۔پی ایس ایل سے پہلے کلفٹن برج پر سجاوٹ کررہے ہیں۔قبل ازیں صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ واٹر بورڈ کی انتہائی ناقص کارکردگی پر صنعت کاروں میں گہری تشویش پائی جاتی ہے ،ادارے کے حوالے سے فوری بڑا فیصلہ کیا جائے۔ ادھر کمشنر کراچی افتخار علی شلوانی نے گزشتہ روز پاکستان ہاسپٹلیٹی نمائش کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ سیاحت و مہمان نوازی سے متعلق پاکستان کی پہلی عالمی ہاسپٹلیٹی نمائش کامیاب ثابت ہوئی ہے۔تقریباً 60 مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں کی شرکت سے ہوٹل اور سیاحت کی صنعت ترقی کرے گی۔

