ٹماٹر، دالوں، چینی، ادویات، بجلی و گیس، گاڑیوں کے کرایوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے مہنگائی کی شرح میں 67.12 فیصد ہوگئی
سالانہ بنیادوں پر نومبر میں ٹماٹر کی قیمت میں چار گنا اضافہ، پیاز ڈیڑھ سو فیصد ، گیس چارجز 55 فیصد، دال مونگ 54 فیصد مہنگے ہوئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا، سالانہ بنیادوں پر نومبر کے دوران ٹماٹر، دالوں، چینی، ادویات، بجلی، گیس، گاڑیوں کے کرایوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے سے مہنگائی کی شرح میں 67.12 فیصد ہوگئی۔ گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح میں 34.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جولائی سے نومبر 5 ماہ میں مہنگائی میں اوسطاً 80.10 فیصد اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر نومبر کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں چار گنا اضافہ ہوا ہے اس کے علاوہ ایک سال میں پیاز ڈیڑھ سو فیصد، گیس چارجز 55 فیصد، دال مونگ 54 فیصد، آلو 42 فیصد، دال ماش 41 فیصد اور تازہ سبزیاں 40 فیصد مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک سال میں چینی 33 فیصد، مکھن 31 فیصد، بجلی کی قیمتوں میں 19 فیصد، گاڑیاں 18 فیصد، تعمیراتی سامان 17 فیصد، چائے 17 فیصد، آٹا اور گھی 17 فیصد، گوشت 13 فیصد اور خشک دودھ بھی 11 فیصد مہنگے ہوئے۔ اکتوبر کی نسبت نومبر میں سب سے زیادہ ٹماٹر کی قیمت میں ڈیڑھ گنا اضافہ ہوا ہے اس کے علاوہ دال ماش 12 فیصد، دال مونگ 8 فیصد، گندم اور آلو 7 فیصد، آٹا پانچ فیصد، پیاز پانچ فیصد، وولن ریڈی میڈ گارمنٹس ساڑھے تین فیصد اور خشک میوہ جات تین فیصد مہنگے ہوئے۔ ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر تھوک میں اشیا کی قیمتوں میں 11 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے مستقبل میں بھی مہنگائی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔

