شہزاد اکبر نے ایک لفظ نہیں کہا کہ سرکاری خزانے میں کہاں کرپشن کی گئی ہے، سلمان شہباز
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جاہل قرار دے دیا۔ گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں شہباز شریف فیملی کے خلاف نیا پنڈورا باکس کھولا جس میں انہوں نے بتایا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات کے مطابق شہباز شریف کے اثاثوں میں 10 سال کے دوران 70 گنا اضافہ ہوا، حمزہ اور سلمان شہباز کے اثاثوں میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔ ان الزامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سلیمان شہباز نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ شہزاد اکبر نے ایک لفظ نہیں کہاکہ سرکاری خزانے میں کہاں کرپشن کی گئی ہے۔ سلیمان شہباز کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر نجی کاروبار کو بدنام کرکے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

