وزیراعظمنے سندھ حکومت کے کرپٹ وفاقی افسران کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا‘ سب کی باری آئے گی
پولیس اورانتظامیہ کے افسروں کی کرپشن ثابت ہوئی تو کارروائی کرینگے، پاکستان میں کرپٹ افراد کی گنجائش نہیں
مراد علی شاہ وفاقی حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہونے دینگے ‘ علی گوہر، ذوالفقار مرزا، خرم شیرزمان اور دیگر نے شکایات لگائیں
کرپشن کیخلاف جہاد کرنے آیا ہوںکسی سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ملے گی‘عمران خان کا وزیراعلیٰ سندھ پر اظہار برہمی
سندھ سے حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس‘ ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کیلئے فنڈز مانگ لئے‘ ذرائع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے سندھ حکومت کے کرپٹ وفاقی افسران کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اورانتظامیہ کے افسروں کی کرپشن ثابت ہوئی تو کارروائی کرینگے، پاکستان میں کرپٹ افراد کی گنجائش نہیں، سب کی باری آئے گی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم سے ایم کیو ایم نے کراچی اور حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کیلئے فنڈز مانگے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سندھ سے حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں سندھ کی ترقیاتی منصوبوں اورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف، ایم کیوایم اور جی ڈی اے کے رہنما شریک ہوئے۔ اتحادی جماعتوں کے وفد نے وزیر اعظم کو آڈیٹر جنرل کی سندھ حکومت سے متعلق آڈٹ رپورٹ پیش کی۔ وفد نے وزیراعظم کو سندھ حکومت اور وفاقی افسران کی کرپشن کے ثبوت بھی پیش کیے۔وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ وفاقی افسران صوبائی حکومت کی ایما پرناروا سلوک کرتے ہیں۔وزیر اعظم نے اسد عمر کو سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی۔ اسی طرح اجلاس کے شرکانے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مراد علی شاہ کے ہوتے ہوئے وفاقی حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوگا۔ سردار علی گوہر مہر، ذوالفقار مرزا، خرم شیرزمان اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف شکایات لگائیں۔شرکانے کہا کہ ہم نے تبدیلی کیلئے ووٹ دیا لیکن سندھ میں تبدیلی نظر نہیں آرہی، وفاق کوشش کررہا ہے لیکن وزیراعلیٰ سندھ تعاون نہیں کررہے۔ وزیراعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کی ڈیل کے تاثر کو نفی کرتے ہوئے کہا کہ مجھے معلوم ہے سندھ میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی ہے۔ مایوس ہونے کی ضرورت نہیں سندھ کو کرپشن سے پاک کریں گے۔احتساب کی سب سے زیادہ ضرورت سندھ میں ہے۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کیخلاف جہاد کرنے آیا ہوں۔کسی سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے معاملے میں تاخیر ضرور ہورہی ہے لیکن تبدیلی ٹھہر چکی ہے۔

