نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ڈرافٹ تقریب، چیئرمین پی سی بی سمیت 6 ٹیموں کے نمائندوں کی شرکت
کراچی کنگز نے ایلکس ہیلز، کرس جورڈن، اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ شرجیل، کیمرون ڈیلیورٹ کی خدمات حاصل کرلیں
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ایس ایل کی جنگ سے قبل ٹیموں نے اپنے ترکش میں تیر سجا لیے، ڈرافٹ کا عمل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں مکمل ہوا، اس میں تمام فرنچائزڈ کے نمائندے شریک ہوئے۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان بھی شامل تھے۔ ملتان سلطانز نے معین علی، رلی روسو، ذیشان اشرف، روی بوپارا اور عثمان قادر کا انتخاب کرلیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنا اسکواڈ جیسن روئے، بین کٹنگ، فواد احمد، سہیل خان اور ٹائمل ملز سے مزین کیا ہے۔ کراچی کنگز نے ایلکس ہیلز، کرس جورڈن، اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ شرجیل خان، کیمرون ڈیولپورٹ اور محمد رضوان کی خدمات حاصل کرلیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ڈیل اسٹین، کولن انگرام، رومان رئیس، فل سالٹ اور ظفر گوہر کو چُنا۔ لاہور قلندرز نے کرس لین، سمیت پٹیل، سیکوگے پرسنا اور بین ڈنک کا انتخاب کیا۔ پشاور زلمی نے ٹام بیلٹم، شعیب ملک، لیام ڈائوسن، راحت علی اور ڈوین پریٹوریس کو شامل کرلیا۔ ڈرافٹ کا عمل شروع ہونے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ لیگ اپنے اصل گھر میں لوٹ آئی ہے، یادگار مقابلے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔ پی ایس ایل 5 کے لیے ڈرافٹ کی تقریب جمعہ کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوئی اس موقع پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور تمام 6 ٹیموں کے نمائندے موجود تھے۔

