ضلع غربی کے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت‘واٹربورڈ نے مرمت شروع کردی
واٹر بورڈ کی تمام تنصیبات پر بجلی کی فراہمی جاری ہے‘ ترجمان کے الیکٹرک کی وضاحت
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حب پمپنگ اسٹیشن کے قریب 66انچ قطر کی لائن بجلی منقطع ہونے سے پیدا ہونیوالے بیک پریشر سے پھٹ گئی جس سے ضلع غربی کے متعدد علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی واٹربورڈ نے پھٹنے والی لائن کی مرمت شروع کردی ایم ڈی واٹربورڈ اسد اللہ خان نے کہا ہے کہ لائن کی فوری مرمت کی ہدایت جاری کردی ہے، عملہ و مشینری پہنچادی گئی ہے مرمت کا ابتدائی کام شروع ہوچکالائن کی جلد مرمت کیلئے اضافی عملہ اور بھاری مشینری بھی پہنچائی جارہی ہے ۔ دریں اثنا کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ حب پمپنگ اسٹیشن سمیت واٹر بورڈ کی تمام تنصیبات پر بجلی کی فراہمی جاری ہے حب پمپنگ اسٹیشن پر چند لمحوں کے مختصر تعطل کو بلا تاخیر بحال کیا گیاکے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ کے نمائندوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔

