اسلام آباد (آن لائن) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کے جسمانی ریمانڈ میں جمعرات تک کی توسیع کردی۔ گزشتہ روز نیب نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر چیئرمین اوورسیز کوآپریٹو سوسائٹی اور سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون کو عدالت میںسپیش کرتے ہوئے مزید ریمانڈکی استدعا کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم پر 12 فرضی پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگیوں کا الزام ہے‘ ملزم سے تفتیش کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے‘ نیب نے ندیم مانڈوی والا کو بھی اس کیس میں طلب کر
رکھا ہے۔ اس موقع پر وکیل صفائی نے مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اعجاز ہارون کا جعلی اکاؤنٹس سے کوئی لینا دینا نہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کال اپ نوٹس اور ریکارڈ کہاں ہے؟ جس پر تفتیشی نے کہا کہ جلدی میں لانا بھول گیا اس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہارکیا اور نیب سے متعلقہ ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا جس کے بعد دوبارہ سماعت کے دوران نیب کی طرف سے ریکارڈ پیش کرتے ہوئے5 روزہ مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ملزم کو جمعرات تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا اور حکم دیا کہ اس دوران تفتیش مکمل کرلیں۔
