سکھر (نمائندہ جسارت) ملک فلاحی جماعت کے بانی ملک محمد رضوان الحق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو ان کی امنگوں کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیا جائے، کشمیری مسلمان بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اور 72 سال سے پُرامن جدوجہد کررہے ہیں، کشمیر میں بھارتی فوج کا بڑھتا ہوا ظلم آزادی کی نوید ہے، ظلم جب حد سے بڑھ جاتا ہے تو ہمیشہ وہ مٹ جاتا ہے۔ مودی حکومت نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم و ستم کی انہتا کردی ہیں، پانچ سے مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے، کشمیرکی وادی میں قابض بھارتی فوج کا راج ہے، معصوم بچوں، خواتین کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کشمیری مسلمان تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ملک محمد رضوان الحق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا، مودی کتنا ہی زور لگائے کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد کو ختم نہیں کرسکتا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیر کے حالات کی پُر زور مذمت کی جارہی ہے۔ مودی کی ہٹ دھرمی پوری دنیا پر واضح ہوگئی ہے، امریکا اور دیگر ممالک کے کہنے کے باوجود کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، جو مودی کی دہشت گردی کا ثبوت ہے۔ مودی حکومت نے کشمیر سمیت پورے بھارت میں انتہا پسندی کی مہم شروع کر رکھی ہے، کشمیر اور بھارت کے دیگر صوبوں میں مسلمانوں کو انتہا پسندی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مسلمانوں کو آزادی سے زندگی گزارنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ ملک محمد رضوان الحق نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج اور مودی حکومت کے مظالم کیخلاف آواز اٹھائی جائے اور پانچ ماہ سے نافذ کرفیو کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
