کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ کھیل ہی مختلف ممالک کے لوگوں کو اکٹھا کرنے کا واحد ذریعہ ہے، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ دنیا کو دکھائے گا کہ پاکستان ہر طرح کی کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے محفوظ ملک ہے۔ پیر کو بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے سابق کپتان بندولا ورنا پورا اور انہیں بطور مہمان خصوصی راولپنڈی ٹیسٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ دونوں سابق کپتانوں کی کرکٹ کیلئے خدمات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ٹیسٹ میچ واپس لانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ جاوید میانداد نے کہا کہ عرصہ دراز سے اپنے وطن میں کھیلوں کے انعقاد کے منتظر شائقین کا حق ہے کہ وہ کرکٹ دیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی اپنے ممالک کے سفیر ہیں اور کھیلوں کو سیاست میں شامل نہیں ہونا چاہئے۔ ٹیسٹ سیریز میں جیتنے کے چانسز کے حوالے سے جاوید میانداد نے کہا کہ پاکستان کو ہوم ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ واضح رہے کہ جاوید میانداد نے 124 ٹیسٹ میچوں میں8832 رنز بنائے تھے۔
