English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تجاوزات کیخلاف کارروائی برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر آپریشن 8 ریسٹورنٹس مالکان گرفتار

آرام باغ پولیس نے منگل کی شب ریسٹورنٹس پر چھاپے مارے ، گرفتار افراد کو تھانے منتقل کرکے سڑک پر تجاوزات قائم کرنے کا مقدمہ درج کرلیا، ریسٹورنٹس مالکان کا پولیس پر بھتہ طلب کرنے کا الزام
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرام باغ پولیس نے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 ریسٹورنٹ مالکان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ریسٹورنٹ مالکان نے پولیس پر بھتہ طلب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کارروائی کو زیادتی قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آرام باغ پولیس نے منگل کی شب 11 بجے برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر ریسٹورنٹس پر چھاپہ مار کر 8 افراد کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا اور فٹ پاتھ اور سڑک پر تجاوزات قائم کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔ ریسٹورنٹ مالکان کا کہنا تھا کہ شاہراہ لیاقت برنس روڈ کو سندھ حکومت اور کے ایم سی نے فوڈ اسٹریٹ کا درجہ دیا تھا، فوڈ اسٹریٹ دنیا میں جہاں بھی ہوتی ہے وہاں ریسٹورنٹس کے باہر باربی کیو بنانے کا سامان اور کرسیاں لگانے کی اجازت ہوتی ہے، انور مٹن ہوٹل کے مالک بھولے نے الزام عائد کیا کہ جس وقت پولیس نے اسے کیش کائونٹر سے زبردستی اٹھا کر موبائل میں بٹھایا تھا اس وقت اس کے پاس ڈیڑھ لاکھ روپے تھے، تاہم جب وہ تھانے پہنچا اور جیب چیک کی تو وہ رقم موجود نہیں تھی ریسٹورنٹ مالکان کا کہنا تھا کہ وہ آرام باغ، آرٹلری میدان اور پریڈی پولیس کے اہلکاروں کو نہ صرف مفت کھانا کھلاتے ہیں بلکہ پارسل کرکے گھر لے جانے کے لیے بھی دیتے ہیں، افسران کا اگر کوئی مہمان آجائے تو اس کے لیے خصوصی طور پر کڑاہی گوشت، سجی، حلیم، نہاری، چکن تکہ وغیرہ تیار کیا جاتا ہے جس کی کوئی ادائیگی نہیں کی جاتی۔ آرام باغ تھانے میں گرفتار ہوٹل کے مالک کا بھائی جو اپنے بھائی کی گرفتاری کا سُن کر آیا تھا اس نے بتایا کہ ایس ایچ او آرام باغ کا خصوصی نمائندہ ان کے پاس بھی آیا تھا اور اس نے فوڈ اسٹریٹ پر ریسٹورنٹ کے باہر کرسیاں رکھنے کے لیے مبینہ طور پر 10 ہزار روپے ہفتہ بھتہ دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ رقم دینا شروع کر دو تو تم لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ اس نے بتایا کہ دکانداروں نے مشورے کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے اس کے بعد رقم دینے یا پولیس کے خلاف احتجاج کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ ایس ایچ او آرام باغ کا کہنا تھا کہ انور مٹن ہوٹل کا مالک بھولا نشے میں ہے اس لیے وہ اس طرح کی باتیں کر رہا ہے اگر اس کا میڈیکل کرا لیا تو وہ لمبا پھنس جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے