گورنر کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر روٹ لگاکر اہم شاہراہیں بند کردی گئیں
25 گاڑیاں اور 2 ایمبولینس شہریوں کیلئے وبال جان بن گئیں، بدترین ٹریفک جام ہوگیا
حیدرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل پروٹوکول کے سحر سے باہر نہ نکل سکے، گورنر کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر روٹ لگا کر اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں۔ گورنر کے پروٹوکول میں 25 گاڑیاں اور دو ایمبولینسیں شامل تھیں۔ عمران اسماعیل پروٹوکول کے سحر سے باہر ہی نہیں نکل سکے ہیں، ان کا دورہ حیدرآباد شہریوں کے لیے وبال جان بن گیا، گورنر سندھ عمران اسماعیل جب شہر کے دورے پر نکلے تو روٹ لگا کر شہر کی اہم شاہراہیں بند کر دی گئیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو کئی گھنٹے ٹریفک جام میں پھنسے رہنا پڑا۔ دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل کا پروٹوکول حسب روایت بہت بڑا تھا، پروٹوکول میں 25 گاڑیوں کے علاوہ 2 ایمبولینسیں بھی شامل تھیں۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی کراچی سے مہران یونیورسٹی شاہانہ انداز میں آمد 40 سے زائد گاڑیوں کا پروٹوکول استعمال ہوا، جامشورو کے تعلقہ تھانہ بولا خان میں ایم پی اے کی والدہ کے انتقال پر اچانک پہنچ گئے انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں گورنر سندھ عمران اسماعیل کی مہران انجینئرنگ یونیورسٹی آمد سے قبل سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، وہ اسی پروٹوکول کے ساتھ حیدرآباد گئے تاہم صورتحال انتظامیہ کے لیے اس وقت مزید پریشان کن ہوئی جب گورنر حیدرآباد سے کراچی براستہ موٹر وے جاتے ہوئے جامشورو کے تعلقہ تھانہ بولا خان کی جانب روانہ ہوگئے۔

