کراچی کی 697 این جی اوز بھی شامل، کسی نے بھی سالانہ آڈٹ رپورٹ اور الیکشن رپورٹس جمع نہیں کرائی تھی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کر دی گئی، محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخی کا حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کی 697 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے، سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود کے مطابق سکھر کی 263 اور لاڑکانہ کی 40 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے، سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ اب تک سندھ میں 5 ہزار 693 این جی اوز کی رجسٹریشن منسوخ کی جاچکی ہے۔ رجسٹریشن منسوخ ہونے والوں میں سے ابھی تک کسی بھی این جی او نے سالانہ آڈٹ رپورٹ اور الیکشن رپورٹس جمع نہیں کرائی تھی، اس ضمن میں سیکرٹری محمد نواز شیخ کا کہنا ہے کہ مذکورہ این جی اوز کو کئی خطوط لکھے گئے جن میں انہیں سالانہ آڈٹ رپورٹس اور انتخابات سے مرکوز دستاویز جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم ان این جی اوز کی جانب سے خطوط کا جواب دیا گیا اور نہ ہی آڈٹ رپورٹس جمع کرائی گئیں جس کے بعد محکمے نے رجسٹریشن منسوخی کا اقدام اٹھایا ہے۔

