ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے، عالمی دن کے موقع پر عیسیٰ لیبارٹری کے تحت سیمینار سے خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمیں معاشرہ میں بہتر زندگی گزارنے کے لیے وسائل اور ذرائع مہیا کرنا چاہئیں، یہ بات گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اسپیشل افراد کے عالمی دن کے موقع پر ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے زیراہتمام گورنر ہائوس میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر، ممتاز سماجی رہنما سردار یاسین ملک، ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، خالد تواب، سی پی ایل سی کے چیف مراد سونو، ممبر قومی اسمبلی کشور زہرا، ممبر صوبائی اسمبلی سندھ سید فردوس شمیم نقوی، ڈاکٹر طارق عالم، ڈاکٹر نیر جبیں، سہیل جاپان والا، مختاراحمد خان، غیر ملکی سفارتکاروں سمیت بڑی تعداد میں اسپیشل افراد اور مختلف این جی اوز نے شرکت کی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزید کہاکہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کااہم حصہ ہیں، ہمارے ملک پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں آپ لوگوں نے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے آپ لوگوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی اہمیت کو اجاگر کیا ہے اور معاشرہ میں اپنا ایک مقام بھی حاصل کرتے ہوئے کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسپیشل بچوں میں موجود صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اساتذہ کا اہم کردار ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ڈاکٹر عیسیٰ لیبارٹری کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پرائیویٹ سیکٹر کو مزید آگے بڑھ کر اس کاز میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

