English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیب نے سندھ اسمبلی کے 2 ارکان کیخلاف انکوائری کی منظوری دیدی

ایگزیکٹو بورڈ کااجلاس،محکمہ آبپاشی بلوچستان کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عبدالحمید مینگل کے خلاف ریفرنس، انویسٹی گیشن کی بھی توثیق
جن ا رکان کیخلاف انکوائری شروع ہوئی ان میں نادر مگسی، سردار خان چانڈیو شامل، 1261ریفرنسز زیر سماعت ہیں‘چیئرمین نیب
اسلام آباد (مانیٹرنگڈیسک) نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے عبدالحمید مینگل پراجیکٹ ڈائریکٹر بی آئی ڈبلیو آر ایم ڈی پی محکمہ آبپاشی حکومت بلوچستان اور دیگر کیخلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کر نے ،دو انویسٹی گیشنز اورچار انکوائریوں کی منظوری دیدی جبکہ چیئر مین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہاہے بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کیساتھ ساتھ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ بدھ کو قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت ہوا۔نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں ، تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کر نے کے بعد مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں عبدالحمید مینگل پراجیکٹ ڈائریکٹر بی آئی ڈبلیو آر ایم ڈی پی محکمہ آبپاشی حکومت بلوچستان اور دیگر کیخلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ،ملزموں پر مبینہ طورپر نوری گورج اینٹی گریٹڈ سکیم کا غیر قانونی طور پر ٹھیکہ دینے کاالزام ہے ،جس سے قومی خزانے کو 216.294ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ اجلاس میں2انویسٹی گیشنزکی منظوری دی گئی ،جن میں افسر و اہلکار اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کراچی، افسر و اہلکار ریونیو ڈیپارٹمنٹ سندھ اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس میں 4 انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں منظور احمد ڈائریکٹر جنرل محکمہ ثقافت حکومت سندھ ، ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ورکس حکومت سندھ، آفیسرز/ آفیشلز لینڈ یو ٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ ، میر نادر مگسی رکن صوبائی اسمبلی سندھ، آفیسرز/آفیشلزلینڈ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ اینڈ پرووینشل ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ ،بلاول شیخ کنٹریکٹر،پرس رام کنٹریکٹر اور دیگر، نواب سردار خان چانڈیورکن صوبائی اسمبلی سندھ اور دیگرکیخلاف انکوائریزشامل ہیں۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پرو فیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام اور دیگر، افسر و اہلکار صوبائی ہائی وے ڈویڑن سانگھڑ اور دیگر کیخلاف انکوائریز عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی گئی۔ایگزیکٹو بورڈ نے پی آئی اے سی پروکیورمنٹ اینڈ لوجسٹکس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین اور دیگر کیخلاف انکوائری کو قانو ن کے مطابق مزید کارروائی کیلئے پی آئی اے سی انتظامیہ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس نے عبدالجبار بھٹو ،سید احمد شاہ اور دیگر کیخلاف انکوائری کو قانو ن کے مطابق مزید کارروائی کیلئے چیف سیکرٹری سندھ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا نیب‘‘ احتساب سب کیلئے ’’ کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ، ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کیساتھ ساتھ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ احتساب سب کیلئے کی پالیسی کے تحت گزشتہ26 ماہ میں 153 ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے۔ نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے سراہا ، خصوصاًًورلڈ اکنامک فورم کی حالیہ رپورٹ میں نیب کی پالیسی کو سراہا گیاہے جو نیب کیلئے اعزاز ہے۔نیب کی سزا دلوانے کی مجموعی شرح 70 فیصدہے۔نیب نے گزشتہ 26 ماہ میں 630 مقدمات میں بدعنوانی کے ریفرنس معزز احتساب عدالتوں میں دائرکئے ہیں، اس وقت 1261 بدعنوانی کے ریفرنس ملک کی 25معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریباً 943 ارب روپے ہے۔ انہوں نے نیب کے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ شکایات کی جانچ پڑتال ، انکوائریاں اور انویسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائی جائیں۔ چیئرمین نیب نے کہا نیب بزنس کمیونٹی کی ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے خدمات کو انتہائی قدر کی نظر سے دیکھتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے