اسلام آباد (صباح نیوز) چیف الیکشن کمشنر واراکین الیکشن کمیشن کے تقرر کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات برقرار ہیں‘ اپوزیشن نے باقاعدہ اعتراض کر دیا ہے کہ بابر یعقوب فتح محمد کے بطور سیکرٹری الیکشن کمیشن متنازع انتخابات ہوئے‘ حکومت نے اپوزیشن کے اعتراضات مسترد کردیے۔ جمعے کو 2 غیر رسمی مشاورتی ا دوار ہوئے جن کی تجاویزکے بارے میں اعلیٰ سطح پر اعتماد میں لینے کا سلسلہ جاری رہا‘ کوئی گرین سگنل نہ ملنے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چو تھی بار موخر ہوگیا‘ا سپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں بار بار بیٹھک میں بھی کوئی اتفاق نہ ہوسکا۔ مشاہد اللہ خان ، وفاقی وزیرپارلیمانی امور اعظم سواتی علی محمد خان اور فخر امام، راجا پرویزاشرف، سکندر میندھرو اور دیگر کے درمیان مشاورت ہوئی۔ دریں اثنا متحدہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے کہا ہے کہ نیک نام لوگوں کو الیکشن کمیشن میں لانا چاہتے ہیں‘ حکومت کسی بھی بات پر اتفاق رائے پیدا نہیں پا رہی۔ رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اراکین کے تقرر کے حوالے سے حکومت سے مذاکرات جاری ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر
