کھڈرو (نمائندہ جسارت) گزشتہ دنوں لگنے والی آگ سے متاثرہ خاندان کا میڈیا سینٹر کھڈرو پر احتجاجی مظاہرہ، عبدالغفور کیریو کی گرفتاری کا مطالبہ۔ میر نذر محمد، میر منظور، خیرالدین، قمرالدین تالپور کی قیادت میں کھڈرو کی تالپور برادری نے میڈیا سینٹر کھڈرو پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبدالغفور کیریو نے ہمارے گھروں کو آگ لگا کر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے اور ہمیں جانی اور مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کو اللہ تعالیٰ نے ناکام بنا دیا۔ اس مذموم حرکت کیخلاف ہم نے عبدالغفور کیریو کیخلاف 5 دن قبل کھڈرو تھانے پر FiR درج کروائی تھی مگر پولیس نے عبدالغفور کیریو کیخلاف کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی۔ دوسری جانب عبدالغفور کیریو، دہشت گردوں کو ساتھ لے کر آزاد گھوم رہا ہے اور ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عبدالغفور کیریو کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا نوٹس لے، عبدالغفور کیریو کو آگ لگانے کے جرم میں فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین نے کھڈرو پولیس کی مجرمانہ غفلت اور عبدالغفور کیریو کی گرفتاری کے لیے نعرے بھی لگائے۔ مظاہرے میں میر برادری کے کثیر افراد نے شرکت کی۔
