بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ،حکومت ہر ممکن اقدام اٹھائے گی‘پولیو ورکرز قومی ہیرو ہیں
پولیو کی وجہ سے ملک کا تشخص خراب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے، خطاب ،برطانوی اور امریکی قانون دانوں کی ملاقات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستان ان دو ملکوں میں شامل ہے جہاں آج بھی پولیو کا وائرس موجودہے ، پاکستان سے پولیو پھیلنے کا ٹھپہ لگ گیا تو بدنامی ہو گی،پولیو کے انسدادکے لئے کام کرنے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں ،عسکریت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے باوجود اس مہم کو کامیابی سے جاری رکھا اور ایسے علاقوں تک بھی پہنچے جہاں شدید موسمی حالات کے باعث رسائی بہت مشکل تھی، پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے پوری قوم مل کر کوشش کرے ، انسداد پولیو کی قومی مہم ملک کے مستقبل کے لئے انتہائی اہم ہے ، پولیو پر قابو نہ پایا گیا تو عالمی سطح پر مسائل پیدا ہوں گے ، پولیو کی وجہ سے ملک کا تشخص خراب ہوتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں انسداد پولیو کی قومی مہم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے پانچ سال سے کم عمر بچی کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے انسداد پولیو مہم میں دو لاکھ ساٹھ ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے والدین بالخصوص مائوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں اور اگر پولیو ٹیم ان تک خود نہیں پہنچتی تو وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے خودلے کر جائیں، یہ نہ صرف ان کے بچوں کی صحت بلکہ قوم کے لئے ضروری ہے۔وزیراعظم عمران خان سے برطانیہ کے انسانی حقوق کے معروف قانون دان کلیو سٹیفرڈ اور امریکہ کے بین الاقوامی قانون کے ماہر ایرک لیویز نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

