اسپیکر سندھ اسمبلی سمیت دیگر ملزموں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنیکا حکم‘ بلاول سے ملاقات
جیالے نے خوشی میںعدالت کے باہر لوگوں،عدالتی عملے اورپولیس اہلکاروں میں5 ٗ5 سو کے نوٹ تقسیم کیے
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے 1 ارب 4 کروڑ روپے کی کرپشن کے کیس میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی 10 لاکھ روپے کی ضمانت منظور کر لی، فاضل عدالت نے آغا سراج درانی سمیت دیگر ملزمان کا نام ایگز ٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے اور پاسپورٹس بھی جمع کر وانے کا حکم دیا، جب کہ آغا مسیح الدین، شکیل احمد، گلزار احمد، مٹھا خان،شمشاد خان، طفیل احمد شاہ، ذوالفقارعلی ڈاہر اور اسلم پرویز لانگاہ کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کر دی گئی۔ آغا سراج درانی کی ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں جیالوں نے جشن منایا۔ عدالت کے باہر خوشی سے نہال ایک جیالے نے وہاں موجود لوگوں،عدالتی عملے اورپولیس اہلکاروں میں 5،5 سو کے نوٹ تقسیم کیے۔ جمعہ کو جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں جسٹس ذوالفقارعلی سانگی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف 1 ارب 4 کروڑ روپے کے کرپشن کیس میں ضمانتوں سے متعلق دائر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت کا اپنے تحریری حکم نامے میں کہنا تھا کہ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے گھرپر چھاپہ غیر پیشہ ورانہ اور احمقانہ انداز میں مارا گیا، نیب ملزمان کی گرفتاری کے طریقہ کار کا از سر نو جائزہ لے۔ دریں اثنا آغا سراج درانی نے ضمانت پر رہائی پانے کے بعد حضرت عبداللہ شاہ غازی ؒ کے مزار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔بعدازاں انہوں نے بلاول ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی۔ جس میں سندھ کی سیاسی صورت حال اور27دسمبرکے جلسے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

