English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عابد علی پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے 12ویں پاکستانی

القمر

سید پرویز قیصر
عابد علی پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے 12ویں اور کل ملاکر106 ویں بلے باز بنے۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے 5ویں اور آخری چائے کے وقفے کے بعد183 گیندوں پر11چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے اپنے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بھی سنچری بنائی تھی۔ 2طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلے ہی میچ میں سنچری بنانے والے وہ پہلے بلے باز ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے ہی میچ میں سنچری اسکور کرنے والے بلے باز آسٹریلیا کے چارلس بینر مین تھے جنہوں نے انگلینڈکے خلاف ملبورن میں مارچ1877 میں اولیں ٹیسٹ285 منٹ میں18چوکوں کی مدد سے165رنز بناکر ایسا کیا تھا۔ وہ اس اسکور پر زخمی ہونے کے بعد ریٹائر ہوئے تھے۔
پاکستان کے لئے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے بلے باز خالد عباد اللہ تھے جنہوں نے آسڑیلیا کے خلاف کراچی میں اکتوبر1964 میں330 منٹ میں20 چوکوں کی مدد سے166 رنز بنائے تھے۔انکے بعد ایک لمبے عرصے تک پاکستان کا کوئی بلے باز پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور نہیں کرسکا ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف اکتوبر1976 میں لاہور میں کھیلے گئیٹیسٹ میں جاویدمیانداد نے اپنے ٹیسٹ کیریرکی شروعات سنچری کے ساتھ کی تھی۔ وہ259 منٹ میں19 چوکوں کی مدد سے163 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔
سلیم ملک نے بھی اپنے ٹیسٹ کیریر کی شروعات سنچری کے ساتھ کی تھی۔ سری لنکا کے خلاف کراچی میں مارچ 1982میں انہوں نے272 منٹ میں191 گیندوں پر10 چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 100 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینٖڈ کے خلاف لاہور میں نومبر1996 میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں محمد وسیم نے اپنے ٹیسٹ کیریر کا آغاز سنچری کے ساتھ کیا تھا۔ انہوں نے215 منٹ میں165 گیندوں پر17چوکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر109 رنز بنائے تھے۔
پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے والے 5ویں پاکستانی کھلاڑی علی نقوی تھے۔ انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف راولپنڈی میں اکتوبر 1997 میں352 منٹ میں270 گیندوں پر14 چوکوں کی مدد سے115 رنز بنائے تھے۔ اسی اننگ میں اظہر محمود نے بھی پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ 350منٹ میں267 گیندوںمیں11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر128 رنز بنا نے میں کامیاب رہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی تک ایسا ایک ہی مرتبہ ہوا ہے جب 2 بلے باز ایک ساتھ پہلے ٹیسٹ میں سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے تھے۔راولپنڈی میں ہی فروری2000 میں سری لنکا کے خلاف یونس خان نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ وہ322 منٹ میں250 گیندوں پر 11چوکوں کی مدد سے 107 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ انکے بعد توفیق عمر، یاسر حمید، فواد عالم اور عمر اکمل نے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ یاسر حمید نے پہلے ٹیسٹ میں دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے