سپریم کورٹ اورمیئر کراچی کے احکامات پر غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا عزم
سنگین نتائج کے دھمکیاں ملنے کے باوجود اورنگی ٹائون میں اتوار کو بھی آپریشن جاری رکھا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اورنگی ٹائون پروجیکٹ نے اتوار کو بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھا۔ انسداد تجاوزات عملے نے بلاک ایف، بلاک کے، بلاک بی اور بلاک ای سے تمام غیر قانونی تعمیرات مسمار کر دیں۔ پولیس کی بھاری نفری اور رینجرز بھی اس موقع پر موجود تھی۔ آپریشن کے دوران سیاسی رہنما کی زیر نگرانی ہونے والی بلاک بی ون اور ای بلاک میں غیر قانونی تعمیرات روک دی گئیں۔ سرکاری گاڑی اور گارڈز کے ہمراہ قبضہ کرا رہے تھے۔ پروجیکٹ افسران کے ساتھ تلخ کلامی بھی کی گئی۔ سنگین نتائج بھگتنے کا بھی کہا گیا، پروجیکٹ افسران نے واضح کیا کہ وہ سپریم کورٹ اور میئر کراچی کے احکامات پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے افسران نے کہاکہ کسی کی سرکاری گاڑی یا گارڈ سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ لینڈ گریبر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، قبضہ کرانے والے ہماری کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایک طرف جعلی مظاہرے کرا رہے ہیں، بینرز بازی کر رہے ہیں اور دوسری جانب اپنی سیاسی جماعت کو بدنام کر رہے ہیں۔ ہم قبضوں کی ہر کوشش چاہے کسی بھی جماعت کی ہو، لینڈ گریبرز کو ٹکنے نہیں دیں گے۔

