English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قومی اسمبلی میں بھارت کے مسلم مخالف بل کیخلاف متفقہ قرار داد منظور

القمر

 

اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی+ مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا جس میں مسلم مخالف بھارت کے امتیازی قانون کو مسترد کیا گیا۔ ایوان میں بھارت میں مسلم مخالف امتیازی قانون کے خلاف وفاقی وزیر شفقت محمود نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان آسام کے 20 لاکھ مسلمانوں کی شہریت کے خاتمے کی مذمت کرتا ہے، یہ قانون اقوام متحدہ کے عالمی قانون کے خلاف ہے اور ایوان بھارت
کے اس قانون کو مسترد کرتا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں نریندر مودی کی ہندو توا سوچ پر ردعمل سامنے آرہا ہے‘ تشویشناک صورتحال جنم لے رہی ہے۔پورے ایوان کو قائداعظم محمد علی جناح کی فہم و فراست کو تسلیم کرنا چاہیے کہ انہوں نے سات دہائیوں پہلے دو قومی نظریہ پیش کیا۔ آج ہندوستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس سے قائد فلسفہ درست ثابت ہو رہا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے درخواست ہے کہ بھارت کا چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے دنیا میں پارلیمانی وفود بھیجنے کے لیے ماہر پارلیمنٹریز کے نام تجویز کریں۔ قرارداد کے مطابق بھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، اقلیتوں کے حقوق غصب کیے جارہے ہیں، ایوان بھارتی سٹیزن ایکٹ کی مذمت کرتا ہے، یہ قانون بھارت کے انتہا پسند عزائم کی عکاسی کرتا ہے اور یہ ایکٹ خالصتاً مذہبی بنیادوں پر ہے۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان بھارت میں جاری پرامن مظاہروں پر طاقت کے استعمال کی بھی مذمت کرتا ہے، بھارتی سٹیزن شپ ایکٹ ایک امتیازی قانون ہے جس پر دیگر ممالک کو تحفظات ہیں، بھارت اقلیتوں سے حقوق غصب کرنے والے تمام اقدامات سے باز رہے لہذا بھارت سٹیزن ایکٹ سے متنازعہ شقیں واپس لے۔ بعد ازاں قومی اسمبلی میں بھارت میں مسلم مخالف قانون کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔واضح رہے بھارتی پارلیمنٹ میں کثرت رائے سے منظور ہونے والے بل میں بنگلا دیش، افغانستان اور پاکستان کے ہندو، بدھ، جین، پارسی، عیسائی اور سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو شہریت دینے کا کہا گیا ہے جب کہ مسلمانوں کواس سے محروم رکھا گیا ہے جس پر مودی سرکار کے خلاف بھارت کی مختلف ریاستوں میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں جس میں اب تک 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔ایوان میں سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے