فضل الرحمن نے ملک بھر میں دورے کر کے دیکھ لیا اس کیلئے انگور کھٹے ہیں‘اعجاز احمدشاہ
مقبوضہ کشمیر پر سودے بازی کا بیان فضل الر حمن کی گھٹیا سوچ کا عکاس ہے‘تقریب سے خطاب
ننکانہ صاحب(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر)اعجاز احمدشاہ نے کہا وزیر اعظم عمران خان کا استعفیٰ حلوہ خور مولوی کا ڈراؤنا خواب ہے جس نے ملک بھر میں دورے کر کے دیکھ لیا کہ اس کیلئے انگور کھٹے ہیں، پی آئی سی پر حملہ کرنیوالوں کو سزا کی بھٹی سے گزرنا پڑے گا، ایک بیان میں انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر پر سودے بازی کا بیان فضل الر حمن کی گھٹیا سوچ کا عکاس ہے ، عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ جس انداز میں پیش کیا ماضی میں کسی حکومت ایسی مثال نہیں ملتی، مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی طرف سے ہندوؤں کی آبادکاری برداشت نہیں کی جائے گی۔تحصیل کونسل ہال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا حکومت نے کرتار پور راہداری کو کھول دیا ، مذہبی سیاحت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اقلیتی برادری ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، ملکی مسائل کے حل کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

