کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپنر یاسرشاہ نے آسٹریلیا میں زیادہ رنز دینے کی وجہ بتادی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ‘ میں زیادہ رنز اس لیے دیئے کیوں کہ میں نے زیادہ اوورز بولنگ کی ‘۔33 سالہ یاسر شاہ نے حال ہی میں آسٹریلیا میں برسبین ٹیسٹ میں 205 اور197 رنز دیئے تھے جس کے بعد انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔
کراچی میں پاکستان ٹیم کے اوپن میڈیا سیشن میں صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ نے آسٹریلیا میں زیادہ رنز دئیے اور وکٹیں بھی لینے میں ناکام رہے ؟۔جس پر یاسرکی جانب سے جواب دیا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ویسے بھی اسپنرز کے مقابلے میں فاسٹ بولرز کو زیادہ سپورٹ کرتی ہیں اور جب کنڈیشنز سپورٹ نہ کریں تو رنز زیادہ نکلتے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹر نے مزید کہا کہ وہ وکٹیں نہ لینے کی وجہ سے پریشان نہیں کیوں کہ یہ کھیل کا حصہ ہے، کبھی کوئی پلیئر ایک دن میں 10 وکٹیں نکال لیتا ہے اور کبھی اس کو ایک وکٹ کی تلاش میں پورا دن گزارنا پڑتا ہے ،اس میں پریشانی والی کوئی بات نہیں، وہ محنت کررہے ہیں اور جلد فارم بحال کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔
یاسر شاہ نے گزشتہ 4 ٹیسٹ میں صرف 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ ان کی خراب فارم پاکستان ٹیم منیجمنٹ کیلئے بھی تشویش کا سبب ہے اس لیے راولپنڈی ٹیسٹ میں انہیں اسکواڈ سے ریلیز کرکےنیشنل کرکٹ اکیڈمی بھیج دیا گیا جہاں انہوں نے مشتاق احمد کی نگرانی میں کام کیا۔
پاکستانی ٹیسٹ اسپنر یاسر شاہ نے کہا کہ مشتاق احمد کے ساتھ اکیڈمی میں وقت گزارنے کے بعد ان کا اعتماد بحال ہوا ہے کیوں کہ پی سی بی کے اسپن کنسلٹنٹ نے ان کی کافی حوصلہ افزائی کی۔یاسر شاہ نے کہا کہ انہوں نے اکیڈمی میں ایک دن میں 25 سے 30 اوورز کرائے، مشتاق احمد نے ان کی بولنگ ایکشن اور گوگلی پر کام کیا۔
ایک سوال پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ کراچی ٹیسٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے اور اگر موقع ملا تو ہوم گراؤنڈ پر پہلے ٹیسٹ میں شاندار پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔

