English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں تجاوزات کے نام پر 20لاکھ ہاکرز کو بازاروں سے باہر پھینک دیا گیا

رشوت نہ دینے پر مقدمات بناکر گرفتار کیا جارہا ہے ٗ سپر مارکیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرے ٗ محمود حامد ودیگر کا خطاب
احتجاجی مظاہرے میں آٹے کے کنستر اور برتن اٹھا کر خواتین اور بچوں کی شرکت ٗ غریب کا خالی چولہا جلنے دو کے نعرے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائز یشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر محمود حامد نے اعلان کیا ہے کہ چھوٹے تاجروں اور ہاکرز کے روزگار کو ختم کرنے اور ان کے بچوں کے منہ سے نوالہ چھیننے کے خلاف پورے شہر کے تاجر جمعہ 20 دسمبر کو ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی راشی عملہ اور پولیس اہلکاربْری طرح تاجروں اور ہاکرزپر ٹوٹ پڑے ہیں۔ان پر مقدمات بنا کر گرفتار کیا جا رہا ہے اور کاروبار سے محروم کردیا گیا ہے۔ ایک سال پہلے6500 د کانوں کوبلڈوز کرکے ہزاروں تاجروں کو بیروزگار کیا گیا اور اب تجاوزات کے نام پر 20 لاکھ ہاکرزکو بازاروں سے باہرپھینک دیا گیا ہے۔ پولیس تاجروں کو گرفتار کر کے بھاری رشوت وصول کر رہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ ملک کے خزانے میں کراچی سب سے زیادہ ٹیکس جمع کراتا ہے پھر یہاں کے تاجروں پر عرصہ حیات کیوں تنگ کیا جارہا ہے انہیں بند گلی میں کیوں دھکیلا جارہا ہے۔وہ پیر کولیاقت آباد سپر مارکیٹ کے سامنے بے روزگارتاجروں اور ان کے اہل خانہ کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا مگر یہاں روزگار سے لگے ہاکروں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔ مظاہرے سے سینئر نائب صدر سید لیاقت علی، بابر خان بنگش، عثمان شریف، جاوید اختر غلام احمد (گلو بھائی )اقبال یوسف ،نوید احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جو احتجاجاً آٹے کے خالی کنستر اور برتن اٹھائے ہوئے تھے اور غریب کا چولہا جلنے دو۔روٹی روزی روٹی سب کو دو ورنہ گدی چھوڑ دو ظلم بند کرو کے نعرے لگا رہے تھے۔سید لیاقت علی نے کہا کہ کراچی کی بیوٹیفکیشن یہاں کے عوام کے معاشی قتل پر قبول نہیں کریں گے۔ کراچی ہمارا ہے یہاں کسی غیرملکی ادارے کی مرضی نہیں چلنے دی جائے گی مزید بے روزگاری اور ظلم برداشت نہیں کریں گے۔عثمان شریف نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے ہاکرز اورتاجروں کوبیروزگار کرنے کا سلسلہ فوری طورپر بند کیا جائے۔ایمپریس مارکیٹ سمیت ساڑھے6ہزار بیروزگار کیے گئے تاجروں کو متبادل دکانیں فراہم کی جائیں۔ لیاقت آبادٹریڈرز الائنس کے صدر بابرخان بنگش نے کہا کہ تاجر اتحاد کے آگے کوئی طاقت نہیں ٹھہر سکے گی۔ہم قائد تاجر عمر سیلیا کے سپاہی ہیں جنھوں نے تاجر مطالبات کے حق میں 29 روز تک ہڑتال کی تھی حکمران ملکی معیشت کی بحالی چاہتے ہیں تو کراچی میں تاجر دشمن آپریشن بند کر دیں اس آپریشن سے بے روزگاری اور جرائم جنم لیں گے۔ کراچی کو جرائم اور انتشار کا جنگل بننے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ 20 دسمبر کو پورے کراچی کے تاجر اپنے عظیم الشان اتحاد کا مظاہرہ ایم اے جناح روڈ پر احتجاج میں شریک ہوکر کریںگے۔مظاہرین بعد میں پْر امن طور پر منتشر ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے