سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرِ قانون فروغ نسیم کریں گے، جبکہ وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں مریم نواز کے نمائندے عطا تارڑ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ کمیٹی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی رائے بھی لے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کے پاسپورٹ کی واپسی کے لیے درخواست کا جواب داخل کرانے کی ایک ہفتے کی مہلت دی تھی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے مریم نواز کی درخواست پر سماعت کی تھی جس میں پاسپورٹ کی واپسی کی استدعا کی گئی تھی۔

