کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی فواد عالم کو موقع نہ دینے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کو ضرورت ہوئی تو فواد عالم کو ضرور کھلایا جائے گا، ضروری نہیں یہ ٹیسٹ کھیلیں جہاں ضرورت ہو وہاں کھلایا جائے گا، عثمان شنواری بخار کی وجہ سے کراچی ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے، امید ہے کراچی کی وکٹ ہماری ضرورت کے مطابق ہوگی۔منگل کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ نے کہا کہ عثمان شنواری بخار کے باعث اسپتال میں زیرعلاج ہیں، عثمان شنواری کراچی ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے، اظہر علی کی خراب فارم فکر کی بات ہے،مصباح الحق سے جب پلیئنگ الیون میں فواد عالم کی شمولیت کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ فواد عالم پچھلے 10 سال سے ٹیسٹ ٹیم میں نہیں آیا، فواد عالم کی ضروت پڑی تو کھلائیں گے، ٹیم کو ضرورت ہوئی تو فواد عالم کو ضرور کھلایا جائے گا، ضروری نہیں یہ ٹیسٹ کھیلیں جہاں ضرورت ہو وہاں کھلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسی کھلاڑی کو دبائو میں آکر ٹیم میں شامل نہیں کیا، بابر اعظم کی بہترین فارم ٹیم کے لیے مثبت ہے، قومی ٹیم کے لیے نوجوان بولنگ اٹیک بھی پلس پوائنٹ ہے، امید ہے کراچی کی وکٹ ہماری ضرورت کے مطابق ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں حارث سہیل کی پرفارمنس اچھی ہے، کراچی میں اسپنرز کا اہم کردار ہے لیکن فائنل الیون کا حتمی فیصلہ میچ سے قبل کریں گے۔
