سری لنکا کے بعد جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم بھی پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے راضی ہو گئی اور جلد افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ بھی بحال ہو چکی ہے اور کرکٹ کی رونقیں بڑھانے کےلیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام دیگر ممالک کے کرکٹ بورڈز سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
قومی ٹیم کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے دورہ آسٹریلیا کے دوران آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام سے رابطہ کر کے انہیں بھی پاکستان آنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی تھی۔
وسیم خان نے بھی اپنے دورے کے حوالے سے کہا تھا کہ میرے دورے کے نتائج بہت جلد سب کے سامنے آجائیں گے۔پاکستان اور بنگلادیش کے کرکٹ بورڈ کے درمیان بھی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے رابطے جاری ہیں۔اور اب ذرائع کا بتانا ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم نے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے رضا مندی ظاہر کی ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ پروٹیز ٹیم مارچ کے آخر میں پاکستان آئے گی۔
