ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے جونیئر افسر نوید اظہار کو محکمہ انجینئرنگ میں چیف انجینئر کے اہم ترین عہدے پر مبینہ طور پر خصوصی ٹاسک دے کر نواز دیا گیا، محکمے کی کارکردگی درہم برہم ہونے کا خدشہ
محکمہ انجینئرنگ میں 19 اور 20 گریڈ کے سینئر افسران کی موجودگی کے باوجود متنازہ گریڈ 18 کے جونیئر افسر کو چیف انجینئر بنائے جانے کو سینئر افسران نے سسٹم مافیا کی کامیابی قرار دیدیا
کراچی(وقا ئع نگار خصوصی)کے ڈی اے میں کروڑوں کا کھیل جاری، ادارہ ترقیات میں چائنا ٹینڈرز کے بعد چائنا چیف انجینئر کی تعیناتی کا انکشاف،ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے اجونیئر افسر نوید اظہار کو محکمہ انجینئرنگ میں چیف انجینئر کے اہم ترین عہدے پر مبینہ طور پر خصوصی ٹاسک دیکر نواز دیا گیا،محکمہ انجینئرنگ میں19 اور20گریڈ کے سینئر افسران کی موجودگی کے باوجود متنازعہ گریڈ18 کے جونیئر افسر کو چیف انجینئر بنائے جانے کو سینئر افسران نے سسٹم مافیا کی کامیابی قرار دیدیا،محکمے کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبے درہم برہم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ادارہ ترقیات کراچی میںبااثر سسٹم مافیا کے دبائو پر محکمہ انجینئرنگ سے حال ہی میں ریٹائرڈ ہونے والے چیف انجینئر رام چند کی جگہ ٹریفک انجینئر بیورو کے جونیئر افسر نوید اظہار کو ادارے کے چیف انجینئر کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے افسر کی چیف انجینئر کے عہدے پر تعیناتی میں سسٹم مافیا نے اہم کردار ادا کیا ہے،واضح رہے کہ محکمہ انجینئرنگ میں چیف انجینئر کی پوسٹ گریڈ20 کی ہے اور محکمہ انجینئرنگ کے6افسران کو سندھ حکومت کی جانب سے گریڈ19 سے گریڈ20 میں حال ہی میں ترقی دی گئی ہے،محکمہ انجینئرنگ کے اپنے 20گریڈ کے سینئر افسران کی موجودگی کے باوجودٹریفک انجینئرنگ بیورو کے جونیئر افسر نوید اظہار کو محکمہ انجینئرنگ میں چیف انجینئر کے اہم ترین عہدے سے نوازے جانے پر محکمے کے افسران میں شدید اضطراب اور بے چینی پھیل گئی ہے، سینئرافسران نے مذکورہ تعیناتی کو خلاف ضابطہ اور سینئر افسران کی حق تلفی کے ساتھ ساتھ طاقتور سسٹم مافیا کی کامیابی قرار دیا ہے،کے ڈی اے کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ نوید اظہار کی گریڈ18میں ترقی بھی متنازعہ ہے اور وہ گریڈ19کی تنخواہ وصول کررہے ہیں جس کی تحقیقات کی صورت میں تمام حقائق منظر عام پر آسکتے ہیں، کے ڈی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع عدالتی کارروائی سے بچنے کیلئے کے ڈی اے حکام نے نوید اظہار کی تعیناتی اسٹاپ گیپ ارینجمنٹ کا فارمولہ استعمال کر کے کی ہے جبکہ ان کی مذکورہ اہم عہدے پر مبینہ تعیناتی میں ایک مقامی ٹھیکیدار نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے،یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کے ڈی اے میں80 کروڑ لاگت کے چائنا ٹینڈرز کا انکشاف کیا گیا تھا تاہم اب کے ڈی اے میں چائنا ٹینڈر کے بعد چائنا چیف انجینئر کی تعیناتی سے اربوں روپے لاگت کے جاری ترقیاتی کام خطرے سے دوچار ہوکر رہ گئے ہیں۔دریں اثناء اس سلسلے میں نوید اظہار سے ان کا موقف جاننے کیلئے کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہوسکا۔

