محکمہ لینڈ کے رشوت خور افسران کی وجہ سے شہریوں نے اپنی جائیدادوں کے کام روک دیئے، محکمہ مزید بدحالی کا شکار ہوگیا
ریکوری ٹھپ ہو کر رہ گئی ، رواں سال 18 دسمبر تک صرف تین کروڑ روپے کی ریکوری ہوئی ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے
کراچی(وقا ئع نگار خصوصی)ادارہ ترقیات کراچی میں انوکھا عوامی احتجاج،کے ڈی اے کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا،محکمہ لینڈ کے افسران کی مبینہ رشوت ستانی میں ہوشرباء اضافے پر شہریوں نے اپنی جائیدادوں کے کام روک دیئے،ادارے کی ریکوری ٹھپ ہوکر رہ گئی،18 دسمبر تک صرف3کروڑ روپے ریکوری ہونے کا انکشاف ،مذکورہ ریکوری میں بھی دکانوں کے کرائے کی رقم شامل بتائی جاتی ہے،سنگین بدعنوانیوں کے باعث کے ڈی اے مزید بدحالی کا شکار ہوکر رہ گیا،انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق شہر قائد کا اہم ترین ادارہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی تاریخ کی بدترین صورتحال کا شکار ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ ادارے کی ریکوری کا اہم ذریعہ محکمہ لینڈ ہے جہاں ٹرانسفر موٹیشن،ایکسٹرا لینڈسمیت دیگر نوعیت کے کیسز سے ادارے کو ریونیو حاصل ہوتا ہے تاہم محکمہ لینڈ میں موجود افسران کی مبینہ رشوت ستانی اور بدعنوانیوں میں ہوشرباء اضافے کے باعث شہریوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے اپنی جائیدادوں کے کیسز پر کام کرانے سے معذرت کرلی ہے جس کی وجہ سے ادارے کی ریکوری مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔

