کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں پاک فوج کی حمایت میں نعرے بازی
سرحدوں پر ملک کی 40 سال تک حفاظت کرنے والا غدار نہیں ہوسکتا، سزائے موت کا فیصلہ واپس لیا جائے، مظاہرے میں شریک افراد کا مطالبہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں سزائے موت کے فیصلے کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے۔ کراچی، حیدرآباد، ڈیرہ بگٹی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں سیکڑوں افراد شریک تھے، اس موقع پر پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ مقررین نے کہاکہ سرحدوں پر حفاظت کرنے اور 40 سال تک ملک کی حفاظت کرنے والا جنرل غدار نہیں ہو سکتا، پرویز مشرف کو غدار ٹھہرا کر انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں، سپریم کورٹ سے خصوصی عدالت کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کر دیا، کراچی میں پریس کلب کے سامنے آل پاکستان مسلم لیگ کی جانب سے ہونے والے مظاہرے میں رہنمائوں اور سول سوسائٹی نے زبردست احتجاج کیا۔ پاک فوج کے حق میں نعرے بازی، فیصلہ ناانصافی پر مبنی اقدام قرار دے دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے سیاستدان نواز شریف، اسحاق ڈار اور حقیقی معنوں میں غداری کے مرتکب الطاف حسین اور سیکورٹی فورسز چیک پوسٹوں اور افواج پاکستان پر حملے کرنے والے پی ٹی ایم کی قیادت کو آج تک غدار نہیں ٹھہرایا گیا، پرویز مشرف کو غدار ٹھہرا کر انصاف کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ مقررین نے ہر صورت میں جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو فوری طور پر انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

