گاڑی واپس نہ کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی اور ایف آئی آر بھی درج ہو گی،چیف سیکریٹری
صوبائی محکموں کے ملازمین کی پنشن کے مقدمات کو جلد حل کیا جائے ، ممتاز شاہ کااجلاس سے خطاب
کراچی ( اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیرِ صدارت سیکریٹریز کمیٹی کا اہم اجلاس سندھ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے احکامات دئیے کہ غیر متعلقہ افراد سے سرکاری گاڑیاں واپس لی جائیں اور جو گاڑی واپس نہ کرے اسکا ریکارڈ فراہم کیا جائے ،صوبائی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں سخت کارروائی کی جائے گی اور ایف آئی آر بھی درج کروائی جائے گی۔ صوبائی محکموں کے ملازمین کی پنشن کے مقدمات کو جلد حل کیا جائے ، کسی بھی ملازم کی پنشن میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں مختلف صوبائی سیکریٹریز نے سیکریٹریٹ میں دفاتر کی کمی کا بتایا جس پر چیف سیکریٹری نے سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اور سیکریٹری ورکس اینڈ سروسز کو سیکریٹریٹ کمپلیکس کی رپورٹ 15 روز میں جمع کروانے کا حکم دیا۔اجلاس میں اینٹی کرپشن مقدمات، ترقیاتی منصوبے ، ملازمین کی پنشن اور پروموشن، ایڈہاک ملازمین، سندھ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم، سرکاری گاڑیوں کی واپسی ، شجر کاری مہم سمیت 24 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے اور جون 2020 تک 700 سے زائد ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ ممتاز علی شاہ نے کہا کہ تمام محکمے عدالتی مقدمات کے لئے الگ سیکشن بنائیں اور 3 روز میں فوکل پرسن مقرر کریں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تمام کیڈر افسران کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کر رہی ہے اس لئے 15 روز میں افسران کا ریکارڈ محکمہ سروسز کو بھیجا جائے۔

