کراچی ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن دھوکہ دے گئی، قومی ٹیم پہلی اننگز میں191رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جواب میں سری لنکا نے 3 وکٹ کے نقصان پر64 رنز بنالیے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ پہلے دن کھیل کے اختتام پرپاکستان کے 191 رنز کے جواب میں سری لنکا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنالئے ہیں اور اس وقت اینجلیو میتھیوز اور لیستھ امبلدینیا وکٹ پر موجود ہیں اور دونوں نے بالترتیب 8 اور 3 رنز بنائے ہیں۔
سری لنکا کو پاکستان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید127رنز درکار ہیں اور اسکی7وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
قبل ازیں پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،قومی ٹیم کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا مگر شان مسعود صرف 5رنز بنا کر ایم وی ٹی فرنینڈو کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ کپتان اظہر علی کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور وہ اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی فرنینڈو کے ہاتھوں پویلین سدھار گئے۔
اوپنر عابد علی نے محتاط انداز میں بلے بازی کی تاہم وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور 38کے انفرادی اسکور پر لہیرو کمارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،اس کے بعد بابر اعظم کا ساتھ دینے تجربہ کار اسد شفیق آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسد شفیق کے ہمراہ اچھی شراکت قائم کرتے ہوئے 62رنز جوڑے۔
127کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم نے ایمبل ڈینیا کی گیند کو کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش کی اور 60رنز کی اننگز کھیلنے والے بلے باز کو اس غلطی کا خمیازہ انہیں اسٹمپ کی صورت میں چکانا پڑا،حارث کا بھی وکٹ پر قیام انتہائی مختصر رہا اور وہ صرف 9رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔
چائے کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم191رنز پر ڈھیر ہو گئی۔قومی ٹیم کی جانب سے اسد شفیق 63 اور بابر اعظم 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے ایمبل ڈینیا اور لہیرو کمارا نے 4، 4 جبکہ وشوا فرنینڈو نے2وکٹیں حاصل کیں۔

