ڈیرہ اسماعیل خان (جسارت نیوز)کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ آج کے پرشکودورمیں معاشروں کی تنزلی کااندازہ ادب سے دوری سے لگایا جاسکتاہے ‘لکھنے والے معاشرے کا عقل ہوتے ہیں ‘ ترقی صرف سائنس کی ترقی نہیں انسان کی اصل ترقی ادب سے ہے جو انسان کو یہ سکھاتا ہے کہ کیونکر جیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے معروف صحافی اور ایشین اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری امجد عزیز ملک کی خیبرپختونخوا میں کرکٹ کی 70سالہ تاریخ کے حوالے سے ان کی 14ویں کتاب ’’خیبرپختونخوا اورکرکٹ 70سال‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ‘ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور ‘ مفتی محمود پبلک اسکول اینڈ کالج کے پرنسپل کرنل (ر)اطلس خان ‘صوبائی انفارمیشن آفیسر قاضی صبغت اللہ ‘ریجنل سپورٹس آفیسر رضی اللہ خان بیٹنی‘ ممبر ملک سعد اسپورٹس ٹرسٹ اور سیکرٹری ڈسٹرکٹ ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن و کھیلوں کے معروف آرگنائزر احمد نواز ملیزئی کے علاوہ سینئر صحافیوں ‘ کھلاڑیوں اور معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی‘امجد عزیز ملک اس سے قبل 13کتابیں لکھ چکے ہیں جن کا محور صوبے میں کھیلوں خصوصاً کرکٹ کی سرگرمیاں رہی ہیں‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ امجد عزیز ملک کی یہ کتاب صوبے کی کرکٹ تاریخ کا سنہرا باب قرار پائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ ڈیرہ میں امجد عزیز ملک کی کتاب کی رونمائی لائق ستائش ہے۔
